حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے امیر
میرواعظ مولوی عمر فاروق نے خواتین کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے ایک پیغام
میں کہا ہے کہ آج جبکہ کشمیر سمیت پوری دنیا میں خواتین کا عالمی دن منایا
جارہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خواتین جو عالمی سطح پر کل آبادی کا تقریباً
نصف حصے پر مشتمل ہیں کے حقوق کے حوالے سے آواز بلند کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ آج کے زمانے میں خواتین کو جن
گھریلو ، سماجی اور معاشرتی سطح پر مختلف نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے ان کو
اس دن کی مناسبت سے اجاگر کیا جارہا ہے اور موجودہ مادی اور
تیز رفتار
سائنسی دور میں جہاں ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ زندگی کے ہر شعبے
میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں اور صنف نازک ہونے کے باوجود اپنی
صلاحیتوں کے دم پر ہر سطح پر چاہے وہ سیاسی ہو یا سماجی ، کھیل کود ہو یا
سرکاری یا نجی سیکٹر ہو گھر ہو یا دفتر ،سکول ہو یا کالج ، غرض ہر جگہ اپنے
وجود کو منوانے کی کوششیں کررہی ہیں وہیں یہ بھی حقیقت ہے کہ سماج کے اس
اہم ستون کو شدید مسائل اور دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اسلام نے اگرچہ عورت کو وہ تمام جائز حقوق دیئے ہیں جن کی یہ مستحق ہیں تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ خواتین کے حقوق کو سلب کیا جاتا ہے ۔